خیبر پختونخوا میں ریلوے منصوبوں پر اہم پیش رفت

خیبر پختونخوا میں ریلوے منصوبوں پر اہم پیش رفت

پشاور: خیبر پختونخوا میں ریلوے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صوبائی حکومت اور وزارتِ ریلوے کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدے کا مقصد صوبے میں جدید اور تیز رفتار ریلوے نظام کو فروغ دینا اور مختلف شہروں کے درمیان سفری رابطے بہتر بنانا ہے۔

حکام کے مطابق مجوزہ منصوبوں پر مرحلہ وار کام کیا جائے گا، جبکہ پشاور ویلی ریلوے منصوبہ بھی اسی فریم ورک کا حصہ ہوگا۔ پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ اور جہانگیرہ کے درمیان تقریباً ۶۲ کلومیٹر ریلوے کوریڈور کو شامل کیا گیا ہے۔

منصوبے کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بڑے شہروں میں ٹریفک اور سفری دباؤ کم کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق ریلوے رابطوں میں بہتری سے تجارت، سیاحت، روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔

مجوزہ منصوبے کے اگلے مراحل میں نوشہرہ، مردان، درگئی، چارسدہ اور دیگر علاقوں کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔ موجودہ ریلوے انفراسٹرکچر کو استعمال کرتے ہوئے مسافر ٹرینوں اور ریل کارز چلانے کی تجویز بھی سامنے آ چکی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق منصوبے کے لیے فزیبلٹی اور تکنیکی امور پر بھی کام جاری ہے، جبکہ صوبائی حکومت اور پاکستان ریلوے کے درمیان مشترکہ تعاون کے تحت منصوبوں کی ترجیحات، اخراجات، مسافروں کی طلب اور معاشی فوائد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ریلوے نظام صوبے میں سستے اور بہتر سفری ذرائع کی فراہمی کے ساتھ شہریوں کی آمدورفت آسان بنانے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

More News