خیبر پختونخوا میں ڈرون کی بڑھتی ہوئی موجودگی، شہری خوفزدہ
پشاور:سید عدنان
خیبر پختونخوا میں ڈرون کی بڑھتی ہوئی موجودگی نے صوبے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈرون اب آن لائن آسانی سے خریدے جا سکتے ہیں اور حکومت یا متعلقہ اداروں کی جانب سے اس پر مؤثر نگرانی نہیں کی جا رہی۔
صوبے کے مختلف شہروں میں ڈرون دیکھے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور شہری و دیہی دونوں علاقے اس خطرے سے متاثر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر دستیاب ڈرون عوامی زندگی اور سرکاری اداروں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔
بغیر لائسنس یا نگرانی کے ڈرون کی فروخت دہشت گردی اور غیر قانونی نگرانی کے مواقع پیدا کر رہی ہے جبکہ عام شہریوں میں خوف اور اضطراب بڑھا رہا ہے۔ کسی کو معلوم نہیں کہ صوبے میں ڈرون کہاں استعمال ہو رہے ہیں اور ان کے اصل مالکان کون ہیں۔
سکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر سخت قوانین نافذ نہ کیے گئے اور آن لائن فروخت پر پابندی نہ لگائی گئی تو ڈرون کے بڑھتے استعمال سے انسانی جانوں، سکیورٹی اداروں اور عوامی تحفظ پر سنگین اثر پڑ سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا کے شہری اب غیر یقینی صورتحال اور خوف میں مبتلا ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہنگامی بنیادوں پر لائسنس سسٹم، نگرانی اور پابندی نافذ کی جائے۔








