خیبر پختونخوا کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے، 6 ڈویژنوں کے کمشنرز تبدیل
پشاور: خیبر پختونخوا کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تعیناتیاں کرتے ہوئے صوبے کے 6 ڈویژنوں کے کمشنرز تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق متعدد افسران کو نئے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ بعض افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا اور کچھ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمشنر بنوں خالد محمود کو کمشنر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ تعیناتی کے منتظر احمد علی شاہ کو کمشنر مردان مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح سابق سیکرٹری ڈیرہ اسماعیل خان سمیع اللہ کو کمشنر بنوں تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شاکر اللہ کو کمشنر ہزارہ مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی جوائنٹ سیکرٹری اقبال حسین کو کمشنر ملاکنڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پرویز کشر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کمشنر پشاور ریاض خان محسود اور کمشنر مردان حبیب اللہ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمشنر ہزارہ شاہد اللہ اور کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان تبدیلیوں کے بعد صوبے کے اہم انتظامی ڈویژنوں میں نئی قیادت ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژنوں میں انتظامی امور کی نگرانی، سرکاری محکموں کے درمیان رابطہ کاری اور حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔








