خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان
پشاور(نیوز ڈیسک )محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند اور کرم کے چند علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ میں 29 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، کاکول میں 12 ملی میٹر جبکہ پاراچنار اور پٹن میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی پارا 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 14، کالام میں 15 اور دیر میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔








