کرک اور کوہاٹ پولیس کا مشترکہ آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک
پشاور(نیوز ڈیسک )کرک اور کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم کے علاقے میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی پی او کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کا عمل بھی جاری ہے۔








