خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد: خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 196 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، سوات، چارسدہ، کالام، بونیر اور گردونواح سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں تشویش پھیل گئی اور بعض مقامات پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے مرکز کے نقاط 36.53 ڈگری شمالی عرض البلد اور 70.88 ڈگری مشرقی طول البلد ریکارڈ کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پاکستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، جبکہ ملک کے شمالی اور مغربی علاقے خصوصاً ہندوکش، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان زلزلوں کے حوالے سے حساس سمجھے جاتے ہیں۔







