دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں دورانِ سفر دونوں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ پرواز ایف زیڈ 1073 نے سعودی عرب کے شہر تبوک کے شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔

رپورٹس کے مطابق طیارہ اردن کی فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا جب پائلٹس کے درمیان مبینہ طور پر جسمانی جھگڑا شروع ہوگیا۔ اس دوران طیارے سے ہنگامی سگنلز بھی بھیجے گئے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارے نے مختصر وقت میں ہزاروں فٹ کی بلندی کم کی، جس کے بعد پرواز کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔

فلائی دبئی نے تصدیق کی ہے کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز نے دورانِ سفر ایک واقعے کا سامنا کیا اور تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ ایئرلائن کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور صورتحال سے متعلق متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق طیارے کے کپتان اور معاون پائلٹ کو زخمی ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔ مسافروں کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔

واقعے کے دوران ایک ہنگامی سگنل ایسا بھی تھا جو طیارے میں ممکنہ غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے بعد اسرائیلی حکام میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہوئے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور مسافروں کو بحفاظت اسرائیل واپس پہنچانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واقعے کی اصل وجہ اور پائلٹس کے درمیان جھگڑے کی تفصیلات کی تحقیقات جاری ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس میں واقعے سے متعلق مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم فلائی دبئی نے اپنی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں کی واپسی کے لیے متبادل طیارے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

More News