دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ سوئٹزرلینڈ میں واقع، لمبائی 57 کلومیٹر سے زائد
دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے، جسے گوٹہارڈ بیس ٹنل (Gotthard Base Tunnel) کہا جاتا ہے۔ یہ انجینئرنگ کا ایک غیر معمولی منصوبہ ہے جو سوئس الپس کے پہاڑوں کے درمیان سے گزرتا ہے۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل کی مجموعی لمبائی تقریباً 57.1 کلومیٹر ہے، جس کی وجہ سے اسے دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ سرنگ زیورخ اور لوگانو سمیت سوئٹزرلینڈ کے اہم علاقوں کے درمیان ریلوے رابطے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس منصوبے کی تعمیر کا آغاز 1999 میں ہوا جبکہ تقریباً 17 سال کی محنت کے بعد 11 دسمبر 2016 کو اسے باقاعدہ ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔ اس کی تعمیر پر تقریباً 12 ارب سوئس فرانک لاگت آئی۔
اس سرنگ کی منصوبہ بندی کا تصور پہلی مرتبہ 1947 میں پیش کیا گیا تھا، تاہم مختلف معاشی مشکلات اور منصوبے کی مخالفت کے باعث تعمیر کا آغاز کئی دہائیوں تک مؤخر رہا۔ بعد ازاں 1992 اور 1998 میں سوئس عوام نے ریفرنڈم کے ذریعے اس منصوبے کی حمایت کی۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل میں ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار سے سفر کرسکتی ہیں۔ اس منصوبے کے باعث سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے درمیان ریلوے سفر بھی زیادہ تیز اور آسان ہوگیا ہے۔
اس سرنگ کی تعمیر کے دوران لاکھوں ٹن چٹانیں اور ملبہ نکالا گیا، جبکہ جدید ڈرلنگ مشینوں نے پہاڑوں کے اندر طویل راستہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔








