اینکر پرسن ربیعہ احسن کے شوہر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، اہل خانہ کا قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ
راولپنڈی: نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے مقتولہ کے شوہر احسن کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے، جبکہ دوسری جانب اہل خانہ نے قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی خرم احمد کا کہنا ہے کہ خاندان کے افراد ربیعہ کی موت کو حادثہ سمجھتے ہیں۔
پولیس کے مطابق 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر واقع رہائش گاہ سے 41 سالہ ربیعہ احسن کی لاش برآمد ہوئی تھی، جنہیں گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 شامل کی گئی تھی۔
پولیس نے واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا تھا اور گھر کے ایک کمرے سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا تھا۔ بعد ازاں ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
دوسری جانب مقتولہ کے بھائی خرم احمد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ مشاورت کے بعد مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق خاندان کے افراد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ربیعہ کی موت ایک حادثہ تھی۔
خرم احمد نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ گھر میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ، بہن اور گھریلو ملازم گھر میں موجود تھے۔ ان کے مطابق ملزم نے انہیں بتایا کہ وہ الماری سے کپڑے نکال رہے تھے، جہاں پستول موجود تھا۔ شوہر نے پستول ہاتھ میں لیا تو اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن کے قریب لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
خرم احمد کے مطابق واقعے سے پہلے میاں بیوی بظاہر معمول کے مطابق تھے اور ان کے درمیان کسی قسم کی تلخ کلامی یا جھگڑا نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے ملزم احسن کو شریف آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ ملزم اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ دورانِ تفتیش شوہر نے پولیس کو بتایا کہ پستول سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں اہل خانہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی، جو موت کا سبب بنی۔ جائے وقوعہ سے ملنے والا پستول بظاہر بغیر لائسنس تھا جبکہ فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹ، پوسٹ مارٹم اور دیگر تفتیشی شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گا۔ اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کے فیصلے کے باوجود پولیس کی تحقیقات اور قانونی کارروائی اپنی جگہ جاری رہیں گی۔








