مصر میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم، 7 افراد ہلاک، 112 زخمی
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 112 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
مصر کی ریلوے اتھارٹی کے مطابق گیزہ سے فیوم جانے والی مسافر ٹرین قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں متعدد بوگیوں کو نقصان پہنچا اور مسافر متاثر ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ جائے حادثہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے اور زخمی مسافروں کی تلاش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے متعلقہ حکام کو حادثے کی وجوہات کی فوری تحقیقات کرنے اور اگر کسی کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ تصادم کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔








