دیر کالونی اسکول حادثہ: ثمر ہارون بلور کا اظہارِ افسوس، زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
پشاور: مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ معصوم بچوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے اور وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں فوری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
مشیر اطلاعات نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت امدادی کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ثمر ہارون بلور نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام زخمی بچوں کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں صبر و حوصلہ دے۔








