سانحہ پمز: ذمہ داروں کے خلاف 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہونا شروع ہوں گے، طارق فضل چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ پمز کے ذمہ داروں کے خلاف آئندہ 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہونا شروع ہوجائیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ سانحہ پمز کی ابتدائی رپورٹ کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی آئندہ 2 دن میں اپنی حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق حتمی رپورٹ میں یہ تعین کیا جائے گا کہ معطل کیے گئے 8 افراد میں سے کس کی کتنی غلطی یا غفلت تھی، جس کے بعد ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے ان افراد کے خلاف انفرادی طور پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس بھی سانحے کی اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد مزید معلومات سامنے آئیں گی۔ طارق فضل چوہدری کے مطابق حکومت کا لاء ڈپارٹمنٹ بھی قانونی کارروائی کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ 2 سے 3 دن میں پولیس فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج کرنا شروع کردے گی۔
سانحہ پمز کے بعد حکومت کی جانب سے انتظامی اور قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف مزید اقدامات متوقع ہیں۔








