سوات: دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مشاورتی جرگہ
سوات: دریائے سوات کے کنارے بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف ممکنہ آپریشن کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور معززینِ علاقہ کے درمیان مشاورتی جرگہ منعقد ہوا، جس میں معاملے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
جرگے میں معززینِ علاقہ نے اراضی کی حدود، تجاوزات کی نشاندہی اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے اپنی تجاویز اور تحفظات ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے۔
اس موقع پر متعلقہ محکموں کی جانب سے علاقے کی موجودہ صورتحال کا مزید جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کی مکمل جانچ پڑتال کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ مروجہ قوانین، سرکاری ریکارڈ اور متعلقہ محکموں کی آراء کی روشنی میں لیا جائے گا، جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل ضروری قانونی اور انتظامی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد، سرکاری اراضی کے تحفظ اور دریائے سوات کے اطراف غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے معززینِ علاقہ اور مقامی آبادی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کو باہمی مشاورت، قانون کی پاسداری اور پُرامن انداز میں آگے بڑھایا جائے، تاکہ تمام متعلقہ فریقین کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب اقدامات کیے جاسکیں۔








