سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے دو روز قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں، دو کھلاڑی ریلیز

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی قومی ٹیم میں اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں، ٹیم مینجمنٹ نے اسکواڈ سے دو کھلاڑیوں کو ریلیز جبکہ دو نئے فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیسٹ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے عبداللہ فضل اور علی عثمان کو اسکواڈ جوائن کرنے سے قبل ہی ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ عبداللہ فضل کی جگہ طیب عارف کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ علی عثمان کی جگہ عامر جمال کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پیٹرنز الیون کے دو فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑی اسلام آباد میں ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے عبداللہ فضل اور علی عثمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی میں گرین ٹاپ وکٹ تیار کرنے کا ارادہ ہے، اس لیے فی الحال ان کی خدمات درکار نہیں ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے یہ تبدیلیاں سیریز کے لیے حکمت عملی اور پچ کی متوقع صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ فاسٹ بولرز کی شمولیت سے باؤلنگ کے شعبے میں اضافی آپشنز دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ سیریز کے آغاز سے صرف دو روز قبل اسکواڈ میں ہونے والی یہ تبدیلیاں قومی ٹیم کی تیاریوں میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں۔

More News