سیاسی اختلاف اپنی جگہ، کسی صوبے یا شہر کی تضحیک قابل قبول نہیں، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابل قبول نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ نواز شریف صاحب! سیاست ہوتی رہے گی، سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع نہ بنائیں۔ ان کے مطابق کسی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی تقریر میں تلخی نہ ہونے کی بات کی، لیکن ان کے اپنے الفاظ ہی سیاسی تلخی اور غیر ضروری تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا یہ رویہ غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے بھی نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی شہروں اور علاقوں کو سیاسی طنز کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔








