سوات: طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے کے الزام میں 3 ملزمان گرفتار

سوات: طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے کے الزام میں 3 ملزمان گرفتار

سوات: سوشل میڈیا پر اسکول کے طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر سیدو شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سوات پولیس کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی تھی، جس میں اسکول کے بعض طلباء کی جانب سے اپنے ہی اسکول کے ساتھی طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو بنائے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف ضیاء الرحمن کو کارروائی کی ہدایت کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین افراد عبداللہ ولد یعقوب، صابر ولد اقبال حسین اور محمد بلاول ولد فرمان، ساکنان آخون بابا، کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے نویں جماعت کے طالب علم کو پارٹی کے بہانے حجرے میں لے جا کر اس کے ساتھ بدسلوکی کی، اس کی قابلِ اعتراض ویڈیو ریکارڈ کی اور واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج اور ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ متاثرہ طالب علم کی شناخت ظاہر کرنے یا قابلِ اعتراض مواد کو مزید شیئر کرنے سے گریز کیا جائے۔

More News