سوات میں خاتون سے مبینہ زیادتی، رحیم آباد پولیس نے دو ملزمان گرفتار کرلیے

سوات میں خاتون سے مبینہ زیادتی، رحیم آباد پولیس نے دو ملزمان گرفتار کرلیے

سوات: تھانہ رحیم آباد پولیس نے خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں فوری کارروائی کرتے ہوئے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ رحیم آباد میں مسماۃ (ع) ساکن پشاور نے دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کے خلاف زیادتی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد زاہد اللہ خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور دونوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت واحد محمود ولد بادشاہ محمد، ساکن الہ ڈھنڈ بٹ خیلہ، اور محمد غضنفر ولد محمد صفدر، ساکن چمکنی پشاور کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کو ان کے شوہر کے ہمراہ ہوٹل کے کمرے میں لے گئے، جہاں خاتون سے باری باری زیادتی کی گئی اور کسی کو واقعے سے آگاہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

سوات پولیس کے مطابق دونوں ملزمان گرفتار ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

More News