پشاور: محکمہ صحت کی 12 گاڑیوں کی مرمت پر تین ماہ میں ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد خرچ

پشاور: محکمہ صحت کی 12 گاڑیوں کی مرمت پر تین ماہ میں ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد خرچ

پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں تین ماہ کے دوران 12 گاڑیوں کی مرمت پر ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد اخراجات کا معاملہ سامنے آگیا، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے تمام متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق گاڑیوں کی مرمت کے لیے ایم ایس اسرار الدین خان کو 4 کروڑ 50 لاکھ 78 ہزار روپے ادا کیے گئے۔ ان اخراجات میں 39 لاکھ روپے مالیت کی جمنی جیپ کی مرمت پر 47 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جانے کا معاملہ بھی شامل ہے۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات سے متعلق مکمل ریکارڈ، دستاویزات، لاگ بکس اور ہسٹری شیٹس فراہم کی جائیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑیوں کی لاگ بکس اور ہسٹری شیٹس میں مرمت پر ہونے والے اخراجات کا اندراج موجود نہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے ریکارڈ کی فراہمی کے لیے 15 روز کی مہلت دی ہے۔ مقررہ مدت میں مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرنے کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے ریکارڈ طلب کیے جانے کے بعد محکمہ صحت میں گاڑیوں کی مرمت پر ہونے والے بھاری اخراجات اور ان کے اندراج سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں۔ تاہم معاملے کی مکمل نوعیت اور اخراجات کی قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ہی ہوسکے گا۔

 

More News