سوات میں غیر قانونی زمرد کان کنی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
سوات: ضلعی انتظامیہ نے تحصیل بابوزئی کے علاقوں راجہ آباد، زمرد کان محلہ اور ملحقہ علاقوں میں مبینہ غیر قانونی زمرد کان کنی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محب اللہ خان یوسفزئی کی زیر صدارت اجلاس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی، جہاں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مبینہ غیر قانونی کان کنی اور غیر محفوظ طریقہ کار سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی کی نگرانی میں متعلقہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کرے گا، جبکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں قانونی کانوں کا بھی معائنہ کرنے، حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے اور پولیس کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن کے ذریعے غیر قانونی معدنی ذخائر کی نشاندہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








