سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ
کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک روز کی بڑی کمی کے بعد دوبارہ نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونا 4 لاکھ 65 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمرز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 236 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 602 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 98 ہزار 864 روپے تک پہنچ گئی۔
سونے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ چاندی کے نرخ بھی بڑھ گئے۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 185 روپے مہنگی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 7 ہزار 44 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 112 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 427 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جب فی تولہ سونا 11 ہزار 300 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 54 ہزار 36 روپے پر آگیا تھا۔
یوں ایک ہی دن میں سونے کی قیمت میں ہونے والا حالیہ بڑا اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھات کی قیمت بڑھنے کے ساتھ مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی نمایاں اثرات مرتب کر رہا ہے۔







