سپیکر خیبرپختونخوا کا اہم اقدام، پولیس سے اہم ریکارڈ طلب

سپیکر خیبرپختونخوا کا اہم اقدام، پولیس سے اہم ریکارڈ طلب

پشاور: سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ارکان اسمبلی، وزراء اور دیگر پارلیمانی عہدیداروں سے متعلق پولیس کارروائیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آئی جی خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ارکان اسمبلی، وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز سے متعلق پیش آنے والے تمام واقعات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

مراسلے میں متعلقہ افراد کی گرفتاری، حراست، رہائش گاہوں پر چھاپوں، حملوں اور تلاشی سے متعلق کارروائیوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس اسٹیشنز میں درج متعلقہ رپورٹس اور ایف آئی آرز کی نقول بھی طلب کی گئی ہیں۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان واقعات کی پولیس کو اطلاع دینے والے افراد سے متعلق ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مطلوبہ معلومات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ انہیں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

مراسلے کے مطابق یہ معلومات آئین پاکستان کے آرٹیکلز 66، 67 اور 127 کے تحت طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضابطہ کار 2025 اور صوبائی اسمبلی اختیارات، استحقاقات و مراعات ایکٹ 2026 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پولیس سے ریکارڈ طلب کیے جانے کے بعد متعلقہ کارروائیوں اور واقعات کی تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

More News