آپریشن ردالفتنہ 3، بلوچستان میں 9 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں دوسری کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔





