سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 17 دہشت گرد جہنم واصل

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، کلیئرنس آپریشن جاری

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گرد عناصر کے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 مئی کے واقعے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا آغاز کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہندوستانی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں، حملوں اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید مشتبہ عناصر کی تلاش اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے آپریشنز میں شامل افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پوری قوم کے عزم، اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ملک بھر میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

More News