فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے مذاکرات کیلئے بہترین کام کیاہے،ایرانی سفیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مذاکرات کے لیے بہترین کردار ادا کیا، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی اور امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مذاکرات کے فروغ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے ایران کی حمایت پر تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ حالیہ علاقائی بحران کے دوران پاکستان نے ایک ذمہ دار اور مؤثر ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کا کردار انتہائی مثبت رہا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس سلسلے میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔

رضا امیری مقدم نے امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ خام خیالی تھی کہ ایران کو مذاکرات میں مصروف رکھ کر خطے میں اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کو 40 روزہ جنگ کے بعد ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ جنگ کے دوران شہری آبادیوں، تعلیمی اداروں اور عام لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں رہا ہے اور اسی نیت کے تحت مذاکراتی عمل میں شامل ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، جبکہ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کا خواہاں نہیں۔ رضا امیری مقدم کے مطابق ایران کے رہبر اعلیٰ نے فتویٰ دے رکھا ہے کہ ایٹمی ہتھیار حرام ہیں اور ایران ان کی تیاری یا استعمال کو جائز نہیں سمجھتا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ پرامن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی اور ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری دو الگ معاملات ہیں، تاہم امریکا اور بعض مغربی ممالک ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام پر بھی غیر ضروری پابندیاں عائد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی بیرونی دباؤ کے سامنے جھکے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

More News