دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 232 رنز کا ہدف

دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دے دیا

لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 232 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین اور کپتان جوش انگلس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کیمرون گرین 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جوش انگلس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ میٹ رینشاء نے بھی ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 43 رنز بنائے۔

دیگر آسٹریلوی بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکے۔ اولیور پیک 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ صرف 15 رنز بنا سکے۔ مارنوش لبوشیان، میتھیو کیونمین اور نیتھن ایلس 5،5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستانی باؤلرز نے مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کو بڑے اسکور سے محروم رکھا۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس، لیگ اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔

232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن پر شائقین کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم کو محتاط مگر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ آسٹریلوی باؤلرز پاکستان کو ہدف تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔

More News