سہیل آفریدی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برقرار رہیں گے، بیرسٹر گوہر کی تردید
پشاور:جنید طورو
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنے عہدے پر بدستور قائم رہیں گے اور ان کے خلاف چلائی جانے والی کسی بھی مہم کو کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان مکمل طور پر متحد ہیں اور وزیراعلیٰ کو ہر سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے۔
پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو پارٹی کے بانی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کیا تھا اور وہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گورننس میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ان تاثر کی سختی سے تردید کی کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کی تقسیم یا اختلافات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک منظم اور متحد جماعت ہے، جس میں کسی فارورڈ بلاک کا وجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف مہم چلانے والے عناصر درحقیقت پارٹی اور حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، تاہم وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی کے خلاف چلنے والی مہم محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام منتخب نمائندے اور رہنما وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قسم کی اندرونی سازش یا اختلاف کی گنجائش نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس پیشرفت کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں، تاہم پارٹی قیادت نے فوری طور پر ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت اور پارٹی صفوں میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بیرسٹر گوہر کا یہ بیان پارٹی کے اندر اتحاد کا پیغام دینے اور قیادت کے حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کو ختم کرنے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور کسی بھی منفی پروپیگنڈے کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔








