سہیل آفریدی کا محمود خان اچکزئی سے رابطہ، لانگ مارچ پر مشاورت
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے معاملے پر مشاورت جاری ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے محمود خان اچکزئی سے لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی اور انہیں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں سامنے آنے والی رائے سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ محمود خان اچکزئی کی رہنمائی میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے اور اس کی حتمی تاریخ بھی پارٹی کو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرنی چاہیے۔
محمود خان اچکزئی نے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے متفقہ فیصلے کی حمایت کا عندیہ بھی دیا۔ ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے جو بھی متفقہ فیصلہ کیا جائے گا، وہ اس کے ساتھ ہوں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس سے بھی رابطہ کیا اور لانگ مارچ کے حوالے سے ان کی رائے معلوم کی۔ ذرائع کے مطابق راجا ناصر عباس نے کہا کہ اس معاملے پر محمود خان اچکزئی کی جو رائے ہوگی، وہ بھی اسی رائے کی حمایت کریں گے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس مشاورت کے بعد فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے، جبکہ اجلاس دوبارہ بلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ، طریقہ کار اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مزید غور کیا جائے گا۔
لانگ مارچ کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت لانگ مارچ سے متعلق تمام متعلقہ سیاسی رہنماؤں کی آرا سامنے رکھتے ہوئے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حتمی فیصلے کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ اور دیگر تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔








