سی ایس ایس 2026 کا تحریری امتحان، 17 ہزار 351 امیدواروں میں سے صرف 476 کامیاب
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحانات کا نتیجہ جاری کردیا، جس کے مطابق امتحان میں کامیابی کا تناسب انتہائی کم رہا۔
ایف پی ایس سی کے جاری کردہ نتائج کے مطابق سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحان میں مجموعی طور پر 17 ہزار 351 امیدواروں نے شرکت کی، تاہم ان میں سے صرف 476 امیدوار تحریری امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوسکے۔ اس طرح کامیابی کی شرح محض 2.74 فیصد رہی۔
نتائج کے مطابق تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں مرد اور خواتین کی تعداد تقریباً برابر رہی۔ کامیاب امیدواروں میں 239 مرد جبکہ 237 خواتین شامل ہیں۔
سی ایس ایس پاکستان کے مشکل ترین اور انتہائی مسابقتی امتحانات میں شمار ہوتا ہے، جس میں ملک بھر سے ہزاروں امیدوار سول سروس کا حصہ بننے کے لیے شرکت کرتے ہیں۔ تحریری امتحان میں کامیابی کے بعد امیدواروں کو مزید مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، جن میں طبی معائنہ، نفسیاتی جائزہ اور زبانی امتحان شامل ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے میڈیکل اور سائیکولوجیکل ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ زبانی امتحان کا شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا۔
سی ایس ایس کے اگلے مراحل میں کامیاب امیدواروں کی مجموعی کارکردگی، قابلیت اور مختلف شعبوں سے متعلق اہلیت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو مختلف وفاقی سروسز میں تعینات کیا جائے گا۔
نتائج کے اعداد و شمار ایک بار پھر اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ سی ایس ایس کا امتحان امیدواروں کے لیے کس قدر سخت اور مسابقتی مرحلہ ہے، جہاں شرکت کرنے والے ہزاروں امیدواروں میں سے بہت کم افراد تحریری مرحلے سے آگے بڑھ پاتے ہیں۔





