سرکاری افسران کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ
سرکاری افسران اور ملازمین کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال پر عائد پابندیوں سے متعلق رپورٹ بھی قائمہ کمیٹی میں پیش کردی گئی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام کے مطابق خصوصی سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل آئندہ ایک سے دو ماہ کے دوران فعال کردیا جائے گا، جبکہ گریڈ 17 کا ایک سرکاری ملازم اس سیل کی نگرانی کرے گا۔
حکام کے مطابق سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط وضع کیے گئے ہیں، جن کے تحت سرکاری افسران اپنے ذاتی یا سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض سرکاری افسران کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو اپنی تشہیر اور ذاتی تشخص اجاگر کرنے کے لیے استعمال کیے جانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سرکاری اکاؤنٹس کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ نئے مانیٹرنگ سیل کے قیام کا مقصد سرکاری ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی تشہیر سے گریز کرنا ہوگا اور سرکاری عہدے یا سرکاری وسائل کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ بعض مخصوص معاملات میں سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا یا میڈیا سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ مثال کے طور پر ایک خاتون افسر کو وی لاگ میں انٹرویو دینے کی اجازت دی گئی تھی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے قائم کیے جانے والے خصوصی مانیٹرنگ سیل کے فعال ہونے کے بعد سرکاری افسران اور ملازمین کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی مزید منظم انداز میں کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نئے قواعد کا بنیادی مقصد سرکاری ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال کو ضابطے کے دائرے میں لانا اور سرکاری عہدے یا وسائل کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔






