شادی سے قبل خودکشی کرنے کا سوچ رہی تھی: مومنہ اقبال

شادی سے قبل خودکشی کرنے کا سوچ رہی تھی: مومنہ اقبال

لاہور: پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے 12 روز قبل وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئی تھیں اور ایک موقع پر خودکشی کے بارے میں سوچنے لگی تھیں۔

حالیہ انٹرویو میں مومنہ اقبال نے شادی سے قبل پیش آنے والی مشکلات اور ذہنی دباؤ کے بارے میں گفتگو کی۔ اداکارہ نے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چڈھر کے ساتھ جاری تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

مومنہ اقبال کے مطابق نجی مواد منظرِ عام پر آنے کے خدشے نے انہیں شدید خوف اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال اس حد تک پہنچ گئی تھی کہ شادی سے صرف 12 روز قبل وہ خودکشی کرنے کے بارے میں سوچنے لگی تھیں اور جذباتی طور پر مکمل طور پر ٹوٹ گئی تھیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس مشکل وقت میں انہیں یہ خوف بھی لاحق تھا کہ ان کے منگیتر حمزہ انہیں چھوڑ دیں گے، تاہم صورتحال اس کے برعکس رہی۔

مومنہ اقبال کے مطابق ان کے منگیتر نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور انہیں اس صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے حوصلہ اور طاقت فراہم کی۔ اداکارہ نے اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے شادی سے قبل پیش آنے والے شدید ذہنی دباؤ اور اس کے اثرات پر بھی بات کی۔

More News