شدید بارشوں کا نیا الرٹ، محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کر دیا

شدید بارشوں کا نیا الرٹ، محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کر دیا

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق مون سون ہواؤں کی شدت میں اضافے کے باعث کئی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری آبادیوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح پنجاب کے شہر لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولنگر بھی بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں اربن فلڈنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد سمیت مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت کے ریاست گجرات کے شمال میں موجود کم دباؤ کا نظام آئندہ 24 گھنٹوں میں مغرب شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے، جس کے اثرات کے باعث مون سون ہوائیں پاکستان کے جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

پیش گوئی کے مطابق ہفتہ کے روز سندھ کے بیشتر علاقوں جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف مقامات پر بارش ہوگی، جبکہ اتوار کو بھی سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے گرم ترین علاقوں میں دالبندین میں 45 ڈگری اور سبی و نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

More News