پشاور: جی ٹی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، دو اہلکار زخمی، تحقیقات شروع
پشاور کے علاقے جی ٹی روڈ، پیر زکوڑی پل کے قریب پولیس موبائل کے نزدیک دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
سی سی پی او پشاور کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے گرین بیلٹ میں نصب کیا گیا تھا، جو پولیس گاڑی کے قریب پہنچتے ہی پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی اہلکاروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
سی سی پی او نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ، ریسکیو ٹیموں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل ماہرین نے شواہد اکٹھے کیے جبکہ واقعے کی نوعیت اور دھماکا خیز مواد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ اطراف کے علاقوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا لاوارث اشیاء کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








