شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 خوارج ہلاک، میجر احسان الٰہی شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اگست کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران شدید جھڑپ ہوئی۔ کارروائی کے دوران ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان اور وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں







