شوکت یوسفزئی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا مشورہ، خیبرپختونخوا حکومت کا مقررہ تاریخ پر احتجاج کا اعلان

شوکت یوسفزئی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا مشورہ، خیبرپختونخوا حکومت کا مقررہ تاریخ پر احتجاج کا اعلان

پشاور: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے نام خط لکھ کر موجودہ حالات کے پیش نظر لانگ مارچ مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت بعض معاملات کو بنیاد بنا کر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنا چاہتی ہے، جبکہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ حملے کو بھی اس مقصد کے لیے جواز بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے لانگ مارچ مؤخر کیا جانا چاہیے۔ شوکت یوسفزئی کے مطابق احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ پارٹی کے مطالبات سے دستبرداری کے مترادف نہیں ہوگا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے واضح کیا ہے کہ شوکت یوسفزئی کا خط ان کی ذاتی رائے ہے اور صوبائی حکومت کا لانگ مارچ کے حوالے سے فیصلہ تبدیل نہیں ہوا۔

شفیع جان کے مطابق لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

یوں پی ٹی آئی کے اندر لانگ مارچ کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آگئی ہیں، جہاں شوکت یوسفزئی نے موجودہ حالات کے پیش نظر احتجاج مؤخر کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے مقررہ تاریخ پر مارچ کرنے کا مؤقف برقرار رکھا ہے۔

More News