شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات، بانی پی ٹی آئی کی منتقلی سمیت سیاسی و قانونی امور پر مشاورت
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے درمیان تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے سمیت اہم سیاسی اور قانونی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال کے بجائے پمز میں طبی معائنے کے لیے لے جانے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی حکمت عملی اور ممکنہ قانونی آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کیے جانے اور حکومت کی طرف سے اس کے ممکنہ قانونی جواب کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی یا آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے معاملات کو سیاسی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ملاقات میں شریک تھیں۔








