پرائیویٹ حج 2027، عازمین کے لیے نئی ادائیگی پالیسی نافذ
اسلام آباد: پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت درخواست دینے والے عازمین کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت عازمین حج کو نجی حج آپریٹرز کو براہِ راست رقم ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کی بکنگ شروع کردی گئی ہے اور اس مرتبہ پہلی بار نجی حج بکنگ کا عمل براہِ راست نجی آپریٹرز کے بجائے وزارت مذہبی امور کے توسط سے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت نے نجی حج پیکیجز، معاہدوں اور ادائیگیوں کی نگرانی اپنے ذمہ لے لی ہے۔ عازمین حج صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے بکنگ اور ادائیگی کرسکیں گے۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج پورٹل یا پاک حج ایپ پر دستیاب مجاز نجی حج کمپنی کا انتخاب کریں اور اپنی پسند کا حج پیکیج بھی اسی آن لائن نظام کے ذریعے منتخب کریں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ کسی غیر مجاز ایجنٹ یا فرد کو حج کی رقم ادا کرنے کی صورت میں ہونے والے نقصان یا کسی بھی مسئلے کی ذمہ داری خود عازم حج پر ہوگی۔
حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد حج بکنگ اور ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانا، عازمین کو فراڈ سے تحفظ فراہم کرنا اور نجی حج آپریٹرز کی نگرانی مزید مؤثر بنانا ہے۔








