ٹانک میں بلدیاتی سرگرمیاں تیز، قدیمی لنگر بھائی قبرستان کی صفائی کا فیصلہ
ٹانک: گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ٹانک شہر میں بلدیاتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں قدیمی قبرستانوں سمیت مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور شہری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں مشیر ترقیاتی کونسل ٹانک نوابزادہ وہاب خان نے ٹی ایم او ٹانک بلال بلوچ سے ملاقات کی، جس میں شہر میں صفائی ستھرائی، فراہمی آب اور دیگر بلدیاتی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد نوابزادہ وہاب خان نے ٹی ایم او بلال بلوچ کے ہمراہ شہر کے قدیمی لنگر بھائی قبرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فلاحی کمیٹی کے صدر سیف الرحمان اور ذیشان خان بٹنی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران قبرستان میں طویل عرصے سے موجود جھاڑیوں، صفائی کی ناقص صورتحال اور دیگر مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مشیر ترقیاتی کونسل نے ٹی ایم او کو ہدایت کی کہ لنگر بھائی قبرستان میں جھاڑیوں کی کٹائی اور صفائی کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور قبرستان کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ٹانک میں مختلف بلدیاتی شعبوں میں سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔ قدیمی قبرستانوں کی صفائی، مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور چھڑکاؤ سمیت دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے اقدامات بھی اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔
شہری حلقوں نے بلدیاتی امور میں نوابزادہ وہاب خان کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گے اور شہر کو صاف ستھرا بنانے میں مدد ملے گی۔








