صوابی میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، 3 جاں بحق، 41 مکانات متاثر
صوابی: حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوابی میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، 41 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے تاحال جاری ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق 9 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 32 کو جزوی نقصان پہنچا۔ بارشوں اور سیلاب سے ایک بنیادی مرکز صحت، 4 اسکولوں کی عمارتیں اور ایک اسکول کی چار دیواری بھی متاثر ہوئی ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث 2 چھوٹے پل، متعدد سڑکیں، کاز ویز، 8 نالے اور حفاظتی دیواریں بھی متاثر ہوئی ہیں، جبکہ متعدد دکانیں اور تمباکو کے گودام پانی کی زد میں آگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نقصانات کا تفصیلی سروے مکمل ہونے کے بعد متاثرین کی نشاندہی کرکے انہیں ریلیف اور معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے متاثرہ افراد سے جلد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کی اپیل کی ہے تاکہ امدادی رقم بروقت منتقل کی جاسکے۔






