صوبے میں مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

صوبے میں مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے اور موجودہ اداروں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایبٹ آباد پبلک اسکول کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک اسکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی تعلیمی کارکردگی، بجٹ، انتظامی امور اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، اسکول کے پرنسپل اختر قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم اور پرنسپل نے گورنر کو ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور مختلف مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

حکام نے بتایا کہ ایبٹ آباد پبلک اسکول کا شمار خیبرپختونخوا سمیت ملک کے نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ گورنر نے ادارے کی تعلیمی خدمات اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اسکول کے مسائل کے حل اور ادارے کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

گورنر نے اعلان کیا کہ وہ جلد ایبٹ آباد پبلک اسکول کا دورہ بھی کریں گے تاکہ ادارے کی کارکردگی اور ضروریات کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔

More News