اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنی خدمات بھرپور انداز میں جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کے قیام، انسانی جانوں کے تحفظ اور تنازعات کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ہمیشہ سرگرم رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال 29 مئی کو اقوامِ متحدہ امن دستوں کا عالمی دن دنیا کے جنگ زدہ اور متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے فوجی، پولیس اور سویلین اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔ اس سال عالمی دن کا موضوع “Invest in Peace” یعنی ’’امن کے فروغ میں سرمایہ کاری‘‘ رکھا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کو پائیدار امن، انسانی تحفظ اور عالمی استحکام کیلئے سیاسی عزم اور مالی معاونت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن کی یاد بھی تازہ کرتا ہے، جو 1948 میں فلسطین میں قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک دنیا بھر سے 20 لاکھ سے زائد مرد و خواتین 70 سے زیادہ اقوام متحدہ امن مشنز میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں عالمی امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کیلئے سب سے بڑے اور دیرینہ شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان نے 1960 سے اب تک 48 سے زائد امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ اہلکار بھیجے، جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں میں پانچواں بڑا شراکت دار ملک ہے۔
شہباز شریف نے پاکستانی امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوجی دنیا کے مختلف خطوں میں امن، استحکام اور انسانیت کے تحفظ کیلئے غیر معمولی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے عالمی امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ذریعے عالمی امن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کردار عالمی امن، کثیرالجہتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے اس کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔








