منیٰ میں رمیِ جمرات کا سلسلہ جاری، طوافِ زیارت کا آج آخری دن

منیٰ: ایامِ حج کے پانچویں روز بھی منیٰ میں حجاج کرام کی جانب سے تینوں جمروں کی رمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ مناسکِ حج ادا کر رہے ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے حجاج کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ عبادات کی ادائیگی احسن انداز میں ممکن بنائی جا سکے۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق بیشتر حجاج کرام 12 ذی الحجہ کی رمی مکمل کرنے کے بعد منیٰ سے روانہ ہو جائیں گے اور اپنی رہائش گاہوں یا مکہ مکرمہ واپس چلے جائیں گے۔ تاہم بعض عازمین 13 ذی الحجہ کو اختیاری رمی ادا کرنے کے بعد منیٰ سے روانگی اختیار کریں گے۔

حجاج کرام کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے ناظمین اور معاون عملہ مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ حجاج کو گروپوں کی صورت میں ان کی رہائش گاہوں تک روانہ کیا جا رہا ہے تاکہ رش، بھگدڑ یا گمشدگی جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔ سعودی حکام نے منیٰ کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ سکیورٹی اہلکار اور رضا کار حجاج کی رہنمائی میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب حج کے اہم رکن طوافِ زیارت کی ادائیگی کا آج آخری دن ہے جس کے باعث مسجد الحرام میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لاکھوں حجاج خانہ کعبہ کا طواف اور دیگر عبادات ادا کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں صفائی، آبِ زمزم کی فراہمی، طبی امداد اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے جدید اقدامات کئے گئے ہیں۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے خدام الحجاج بھی حجاج کرام کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ بزرگ، بیمار اور کمزور عازمین کی سہولت کیلئے وہیل چیئر ٹیمیں اور خصوصی معاون عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ ہر حاجی اپنے مناسک آسانی اور اطمینان کے ساتھ مکمل کر سکے۔

حج کے روح پرور مناظر میں دنیا بھر سے آئے مسلمان اتحاد، بھائی چارے اور امن کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے عبادات میں مصروف ہیں۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »