عبدالعلیم خان کا دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

عبدالعلیم خان کا جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قومی سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور مؤثر کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کا واضح اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادر جوان انتہائی مشکل حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف مستقل مزاجی، مربوط حکمت عملی اور بروقت کارروائیاں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی ذمہ داریاں اسی عزم اور جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کی نشاندہی کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

عبدالعلیم خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مبینہ مذموم سرگرمیوں اور دہشت گرد عناصر کے سہولت کاروں کی پشت پناہی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کا تعاقب جاری رکھا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام عطا فرمائے، وطن عزیز کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے اور ملک کی حفاظت پر مامور بہادر جوانوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

More News