علی امین گنڈاپور اپنے ساتھ 30لوگ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں تو نام بتا دیں: شفیع جان

شفیع جان کا علی امین گنڈاپور کے دعوؤں پر ردعمل، 30 حمایتی ارکان کے نام سامنے لانے کا مطالبہ

پشاور:جنید طورو

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے ساتھ 30 ارکان اسمبلی موجود ہیں تو وہ ان کے نام عوام کے سامنے لائیں۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کی کشیدگی موجود نہیں اور رکن صوبائی اسمبلی سہیل آفریدی اپنی پوزیشن پر مطمئن ہیں۔ ان کے مطابق صرف 3 سے 4 ارکان ایسے ہیں جن سے فی الحال رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 75 ارکان نے شرکت کی جبکہ 17 ارکان غیر حاضر تھے۔ ان کے مطابق غیر حاضر ارکان میں سے 5 بیرون ملک، 3 حج کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں اور 2 جنوبی افریقہ میں موجود ہیں۔ شفیع جان نے اجلاس کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی صفوں میں اتحاد برقرار ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ متعدد ارکان نے پارٹی قیادت کے خلاف حلف نامے جمع کرا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے حلف نامے موجود ہیں تو کم از کم ایک ہی سامنے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات سمیت مختلف سیاسی مواقع پر پارٹی ارکان نے اپنی وفاداری ثابت کی ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ جو بھی رکن اسمبلی بانی پی ٹی آئی کے مؤقف سے ہٹے گا، اس کی سیاسی حیثیت متاثر ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی کئی بڑے سیاسی رہنما پارٹی سے الگ ہوئے لیکن بعد میں سیاسی منظرنامے سے غائب ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سرگرمیوں میں 70 فیصد سے زائد ارکان شریک رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ 10 جون کو ہونے والے اجلاس میں بھی بھرپور شرکت ہوگی۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی پارٹی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں، کیونکہ ان کے بقول وہ وزیراعلیٰ کے منصب سے ہٹنے کے بعد بیشتر اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے شفیع جان نے کہا کہ پارٹی نے دھرنوں، لانگ مارچز، جلسوں اور مختلف اداروں سے رابطوں سمیت ہر ممکن کوشش کی، تاہم ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومتیں سیاسی مشکلات کے دوران مذاکرات اور رابطے کرتی ہیں، لیکن مسائل حل ہونے کے بعد وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتی ہیں۔ انہوں نے شاہد خٹک کی ممکنہ گرفتاری کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

آخر میں شفیع جان نے کہا کہ پارٹی نے بجٹ سے متعلق امور پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔ اگر ملاقات کی اجازت نہ ملی تو اس معاملے کو پارٹی فورم پر اٹھایا جائے گا

More News