عمران خان کی صحت کو خطرہ نہیں، بلڈ پریشر کی معمولی شکایت ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں، انہیں صرف بلڈ پریشر کی معمولی شکایت ہے جو عمر کے ساتھ ہوسکتی ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی ہمشیرہ ان سے ملاقات کرچکی ہیں اور وہ ان کی صحت کے بارے میں بتا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہسپتال لے جائے گئے تھے تاہم کوئی تشویشناک صورتحال نہیں تھی۔
وزیر دفاع کے مطابق عمران خان صحت مند شخص کی طرح کھانا کھاتے ہیں، جبکہ آنکھ کا مسئلہ بھی بہتر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ عمران خان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں۔
خواجہ آصف نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاست میں قید و بند کی آزمائشیں آتی رہتی ہیں اور مسائل احتجاج یا دباؤ سے نہیں بلکہ تحمل سے حل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاست کے معیار کو گٹر میں ڈال دیا ہے اور ماضی میں بھی سیاسی رہنماؤں کی بیماریوں کو سیاسی رنگ دیا جاتا رہا ہے۔








