فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ، صدر اردوان سے ملاقات، اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا گیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ترکیہ، صدر اردوان سے ملاقات، اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا گیا

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے کے دوران صدر رجب طیب اردوان، وزیر دفاع یاشار گولر اور ترک عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دفاعی تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری، علاقائی سلامتی اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز اور ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل عطا کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ تعاون کے عزم کا مظہر ہے۔

More News