لاہور اور ملتان شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں، شہری سموگ سے پریشان

لاہور اور ملتان شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، شہری سموگ سے پریشان

پنجاب کے بڑے شہر لاہور اور ملتان شدید فضائی آلودگی اور سموگ کی لپیٹ میں آگئے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات سمیت مختلف طبی مسائل کا سامنا ہے۔ فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافے کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ ملتان میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے۔

فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کرگئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کی گئی، جہاں پیراگون سوسائٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 671 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 561 تک پہنچ گیا۔

فضا میں آلودہ ذرات کی بڑھتی ہوئی مقدار کے باعث شہریوں کو آنکھوں میں جلن، گلے کی خرابی، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات کا سامنا ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں سموگ کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، جس سے معمولات زندگی اور سڑکوں پر آمدورفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی کم رفتار کے باعث فضائی آلودگی کے پھیلاؤ اور اس کے اثرات میں کمی کے امکانات محدود ہیں۔

دوسری جانب ملتان میں بھی سموگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ شہر میں فضائی آلودگی کی اوسط سطح 507 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی معیار کی صورتحال پر تشویش پائی جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش سے فضا میں موجود آلودہ ذرات کی مقدار کم ہونے اور سموگ کی شدت میں عارضی کمی آنے کی توقع ہے۔ تاہم بارشوں کے بعد سردی کی شدت بڑھنے اور درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت معیاری ماسک استعمال کریں اور آنکھوں کو آلودہ فضا سے محفوظ رکھیں۔ خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سموگ کی موجودہ صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے غیر ضروری بیرونی سرگرمیاں محدود رکھیں۔

More News