امریکی ری پبلکن ریاست مسیسیپی میں بڑا سیاسی اپ سیٹ، 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب
امریکی سیاست میں ایک بڑا انتخابی اپ سیٹ سامنے آگیا، جہاں ری پبلکن جماعت کے مضبوط گڑھ سمجھی جانے والی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار اسکاٹ کولم نے سینیٹ کی نشست جیت کر تاریخ رقم کردی۔ وہ 140 سال سے زائد عرصے بعد ریاست سے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام سینیٹر بن گئے ہیں۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں ایک اہم تبدیلی اور ڈیموکریٹک پارٹی کی بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ کولم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ری پبلکن امیدوار اور موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو شکست دی۔ انتخابی نتائج کے مطابق کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کی حریف 48.7 فیصد ووٹ لے سکیں۔ آزاد امیدوار کو 2.1 فیصد ووٹ ملے۔ دونوں مرکزی امیدواروں کے درمیان ووٹوں کا فرق انتہائی کم رہا، تاہم اسکاٹ کولم کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ انتخابی نتیجہ اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کہ مسیسیپی میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ری پبلکن جماعت کا سیاسی اثرورسوخ برقرار تھا۔ ریاست میں 1982 کے بعد سے مسلسل ری پبلکن امیدوار کامیاب ہوتے آرہے تھے، جبکہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسیسیپی میں 22 فیصد سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔
شکست کے بعد ری پبلکن امیدوار سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے انتخابی نتیجہ تسلیم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں اسکاٹ کولم کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں جس کی انہیں توقع تھی، تاہم وہ ریاست کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔
ریاست کے دارالحکومت جیکسن میں نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل (این اے اے سی پی) کے دفتر میں کولم کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے جشن منایا۔ تنظیم کے چیئرمین لیون رسل نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاہ فام برادری کی منظم انتخابی مہم نے اس فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
مقامی پراسیکیوٹر اسکاٹ کولم نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی، معاشی مشکلات اور عوامی اخراجات کو بنیادی موضوع بنایا تھا۔ انہوں نے اپنی حریف کو صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا اور انتخابی مہم کے دوران انہیں طنزیہ طور پر سنڈی ہائی پرائسز کا نام دیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیرف پالیسیوں اور ایران جنگ کے معاشی اثرات سے متعلق عوامی خدشات نے بھی ری پبلکن امیدوار کے خلاف ووٹرز کی ناراضی بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کی ٹیکساس، جنوبی کیرولائنا، کنساس اور آئیووا جیسی ری پبلکن اکثریتی ریاستوں میں کامیابیوں نے بھی امریکی سیاسی منظرنامے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مسیسیپی کا انتخابی نتیجہ آئندہ سیاسی مقابلوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔







