بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دو ماڈل متعارف کرانے کی تجویز، تین ڈسکوز ابتدائی مرحلے میں شامل
اسلام آباد: حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے دو سطحی کاروباری ماڈل متعارف کرانے کی تجویز تیار کرلی ہے، جس کے تحت بجلی کی تقسیم کا بنیادی ڈھانچہ نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ بجلی کی فروخت، بلنگ اور وصولیوں جیسے تجارتی امور دوسرے نجی سرمایہ کاروں کو بھی سونپے جاسکیں گے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نجکاری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد پاور سیکٹر ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
مجوزہ نظام میں کامیاب خریدار کمپنی بجلی کے کھمبوں، تاروں اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کی مالک ہوگی، جبکہ دیگر نجی سرمایہ کار مسابقتی بنیادوں پر بجلی کی خرید و فروخت اور فراہمی کا کاروبار کرسکیں گے۔
حکومتی تجویز کے مطابق بجلی کے شعبے میں سالانہ تقریباً 1.7 کھرب روپے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں صارفین برداشت کر رہے ہیں۔ نئے ماڈل کے تحت ان مالی ذمہ داریوں کو بھی نجی سپلائرز تک منتقل کرنے کی تجویز ہے، تاہم متعلقہ صارفین اور بجلی کی مختص پیداواری استعداد کا بوجھ بھی ان کے ساتھ منسلک ہوگا۔
مجوزہ نظام کے تحت بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں فوری کمی متوقع نہیں، کیونکہ صارفین کو بدستور تقریباً 17 روپے فی یونٹ غیر استعمال شدہ پیداواری استعداد کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق اس ماڈل کا مقصد بجلی کی خرید و فروخت میں مسابقت پیدا کرنا اور نجی شعبے کے لیے مارکیٹ کھولنا ہے، جس سے درمیانی اور طویل مدت میں صارفین کو نسبتاً کم نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔








