لاہور میں اسموگ کا راج برقرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 240 سے تجاوز کرگیا
لاہور: شہر میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی شدت برقرار ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 240 سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ایک بار پھر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ احتیاط کریں۔ باہر نکلنا ضروری ہو تو این 95 یا این 99 ماسک استعمال کریں تاکہ نقصان دہ ذرات سے بچاؤ میں مدد مل سکے۔
ماہرین کے مطابق اسموگ کے دوران کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنا، گھر میں ایئر پیوریفائر استعمال کرنا اور کھلی فضا میں ورزش یا جاگنگ سے گریز کرنا مفید احتیاطی اقدامات ہیں۔
شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ یا کار پولنگ کو ترجیح دیں۔ ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرکے آلودہ ہوا کے مضر اثرات سے کسی حد تک محفوظ رہا جا سکتا ہے۔








