لاہور میں خواتین پر مشتمل 4 رکنی پرس چور گروہ گرفتار، کٹر اور نقدی برآمد
لاہور: شالیمار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین پر مشتمل چار رکنی پرس چور گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والی شہری خواتین کو نشانہ بناتی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم خواتین باغبانپورہ بازار میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کے پرس چوری کرتی تھیں اور وارداتوں کے بعد مریدکے فرار ہو جاتی تھیں۔ گروہ کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
گرفتار خواتین کی شناخت صبا، شکیلہ، مصباح اور صائمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے کٹر اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین پہلے بھی مختلف جرائم کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ متاثرین کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔







